قرآن کریم کلام الٰہی اور زندہ و جاوید معجزہ ہے۔ اس کا اعجاز در حقیقت اسکی تاثیری زبان،بلاغت و فصاحت،اسالیب و مضامین اور اس کے خاص کلیدی الفاظ اور خاص اصلاحات میں پنہاں ہے۔قرآن کریم چونکہ ہماری فوز و فلاح اور صلاح و اصلاح کا سچا ضامن ہے لہذا اس کی تفہیم و افہام کیلئے تراجم کے ساتھ ساتھ آیات و سور کے باہمی ربط و نظم کو ملحوظ خاطر رکھنا از بس ضروری و لازمی ہے۔ قرآن کے نظم جلی اور نظم خفی پر واقفیت حاصل کرنا اس اعتبار سے بہت کارآمد ہے کہ اس کےذریعے سے ربط کلام اور وحدت کلام کو بآسانی دریافت کیا جا سکتا ہے۔اس پر مستزاد یہ کہ اس کے ذریعے سے قرآن کریم کا درست ترجمہ کرنے اور فہم قرآن کی استعداد و لیاقت کا ملکہ پیدا ہو جاتا ہے۔اس طرح محدود وقت میں قرآن کریم کی تفہیم و افہام آسان ہو جا تا ہے۔ زیر نظر کتاب اس حوالے سے قابل داد ہے کہ اس میں موصوف کے وسیع تجر بات و مشاہدات ،قرآن فہمی اور اسکے عمیق مطالعے کی جھلک نظر آتی ہے
کتاب کے مصنف خلیل الرحمٰن چشتی نے جدید اسلوب اختیار کیا ہے، مگر اس کی حدود قرآن و سنت سے باہر جاتی نظر نہیں آتیں۔ قرآن مجید کو سمجھنے کے لیے انھوں نے ہر سورت کو مختلف پیرا گرافوں میں تقسیم کر کے ہر پیراگراف کو ایک عنوان دینے کی کوشش کی ہے اور ہر سورت کے نظم کی وضاحت کی ہے اور ہر سورت کا خلاصہ پیش کر دیا ہے