قرآن مجید الله تعالیٰ کا کلام او راس کی آخری کتاب ہدایت ہے۔ اس عظیم الشان کتاب نے تاریخ انسانی کا رخ موڑ دیا ہے۔ یہ واحد آسمانی کتاب ہے جو قریبا ڈیڑھ ہزار سال سے اب تک اپنی اصل زبان میں محفوظ ہے۔ اس پر ایمان لانا مسلمان ہونے کی ایک ضروری شرط اور اس کا انکار کفر کے مترادف ہے اس کی تلاوت باعث برکت وثواب ہے، اس کا فہم رشد وہدایت اور اس کے مطابق عمل فلاح و کامرانی کی ضمانت ہے۔ کتاب الله کی اسی اہمیت کے پیش نظر ضروری ہے ہر مسلمان اسے زیادہ سے زیادہ سمجھنے کی کوشش کرے۔ اگر چہ آج الحمد لله اردو میں قرآن مجید کے بہت سے تراجم وتفاسیر ہیں، تاہم اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ قرآن کو قرآن کی زبان میں سمجھنے کا جو مقام ومرتبہ ہے وہ محض ترجموں سے حاصل نہیں ہوسکتا ہے۔ عربی زبان اور قرآن مجید کی تعلیم وتفہیم کے لیے مختلف اہل علم نے تعلیم وتدریس اور تصنیف وتالیف کے ذریعے کوششیں کی ہیں۔ جن سے متفید ہوکر قرآن مجید میں موجود احکام الٰہی کو سمجھا جاسکتا ہے
زیر تبصرہ کتاب ’’اعراب القرآن وتفسیر - تیسواں پارہ سوالنامہ‘‘ محترم عثمان علی، حافظ ابو بکر عثمان، حافظ احسان الله نے شیخ الحدیث حافظ محمد شریف اور جامعہ سلفیہ ،فیصل آباد کے مایہ ناز مدرس مولانا نجیب الله طارق کی زیر نگرانی اہم تفاسیر کو سامنے رکھ کر صرف سوالنامہ مرتب کیا ہے- جس میں جدید شکوک وشبہات کا ازالہ، قرآن کریم کی صرفی ونحوی ابحاث، لغوی، سبب نزول، تظم بین السور، سورت کا موضوع و مضمون نظم بین الآیات، مختلف فیہ مسائل میں تطبیق، اعراب، وجہ اعراب، محل اعراب و اصطلاحی مطالب کے علاوہ اہم تفسیری نکات کوبھی بیان کرنے کی کوشش کی گئی ہے
استاد العلماء حافظ عبد العزیز علوی (شیخ الحدیث جامعہ سلفیہ ،فیصل آباد) کی نظر ثانی سے اس کی افادیت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ یہ کتاب طالبان ِعلوم نبوت کے لیے ایک گراں قدر علمی تحفہ ہے