قرآن مجید کے مفہوم تک رسائی کے لیے عربی دانی ضروری ہے اور جن لوگوں کی مادری زبان عربی نہیں ہے ان کے لیے عربی زبان سیکھنا خاصا مشقت طلب کام ہے ۔عربی زبان وادب میں قواعد کی غیرمعمولی حیثیت کے پیش نظر محترم خلیل الرحمن چشتی صاحب نے ’’قواعد زبان قرآن‘‘کو مرتب کیا ہے ۔یہ کتاب دراصل مولانا حمید الدین فراہی کی کتاب ’’اسباق النحو‘‘ کی تسہیل ہے ’’اسباق النحو‘‘گوکہ نہایت مفید کتاب ہے۔لیکن اس کو ایسے شخص کے لیے سمجھنا انتہائی مشکل ہے جو عربی زبان سے واقفیت حاصل کرنا چاہتا ہو مگر وہ نہ تو عربی مدارس کے مروجہ نظام تعلیم سے مستفید ہوا ہو اور نہ اس زبان کی معمولی شد بد رکھتا ہو ۔اس مشکل کو مدنظر رکھتے ہوئے موصوف نے مولانا فراہی کی کتاب کو نہایت سہل انداز میں ترتیب دیا ہے اور جابجا قرآنی مثالوں کے ذریعے عربی زبان کے اصول وقواعد سمجھانے کی کامیاب کوشش کی ہے ۔اس کتاب میں ایسا طریقہ اپنایا گیا ہے کہ تعلیم یافتہ طبقہ بہت حد تک اسے بغیر استاد کے پڑھ بھی سکے اور سمجھ بھی سکے۔ اس کتاب کی ایک نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اس میں تمام قواعد عربیہ کی مثالیں قرآن کریم سے پیش کی گئی ہیں ۔اس پر مستزاد یہ کہ مثالوں کی کثرت، مختلف مشقوں کے التزام ، مختلف نحوی اصطلاحات کا انگریزی زبان میں متبادل تحریر کرنے سے یہ کتاب انگریزی دان طبقے کے لیے بھی عربی زبان سیکھنے میں آسانی اور دلچسپی کا بہترین مظہر ہے ۔بہر حال موصوف کی یہ کوشش لائق تحسین ہے کہ انہوں نے گویا عربی قواعد پر ایک انسائیکلوپیڈیا تیار کردیا ہے جو عام طور پر سب کے لیے اور خاص طور پر جدید تعلیم یافتہ طبقے کے لیے سہولت اور مسرت کا باعث ہے۔