صحابہ کرا م رضی اللہ عنہم ناقلین شریعت ہیں اللہ تعالیٰ نے انہیں اپنے نبی اکرم محمد ﷺ کی صحبت ورفاقت کے لیے منتخب فرمایا ۔انبیاء کرام کے بعد صحابہ کرام کی مقدس جماعت تمام مخلوق سے افضل اور اعلیٰ ہے یہ عظمت اور فضیلت صرف صحابہ کرام کو ہی حاصل ہے کہ اللہ نے انہیں دنیا میں ہی مغفرت،جنت اور اپنی رضا کی ضمانت دی ہے بہت سی قرآنی آیات اور احادیث اس پر شاہد ہیں۔اللہ اور رسول ﷺ کی شہادت اور تعدیل کےبعد کسی اور شہادت کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں ۔ اور نہ ہی کسی بدبخت منکوس القلب کی ہرزہ سرائی ان کی شان کو کم کرسکتی ہے۔صحابہ کرام سے محبت اور نبی کریم ﷺ نے احادیث مبارکہ میں جوان کی افضلیت بیان کی ہے ان کو تسلیم کرنا ایمان کاحصہ ہے ۔بصورت دیگرایما ن ناقص ہے ۔ زیر نظر کتاب’’ دفاع صحابہ واہل بیت رضی اللہ عنہم ‘‘ قسم الدراسات والبحوث جمعیۃ آل واصحاب کی مرتب شد ہ عربی کتاب کا اردووترجمہ ہے۔ترجمہ کی سعادت فضیلۃ الشیح شفیق الرحمن الدراوی حفظہ اللہ نے حاصل کی ہے۔اس کتاب میں بڑے حکیمانہ انداز اور ناصحانہ اسلوب کے ساتھ باطل پرستوں کےشبہات اور شکوک کا ازالہ کیا گیا ہے۔یہ کتاب مجموعی اعتبار سے بڑی مفید اور اپنے مقصد کو جامع ہے ، اللہ تعالیٰ مصنف وناشرین کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور ہمیں صحابہ کرام کے نقش پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے ۔آمین(م۔ا)